خیبر پختونخوا اور فاٹا سمیت ملک بھر میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

12 فروری 2018 (14:14)

خیبر پختونخوا اور فاٹا سمیت ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے، مہم تین روز تک جاری رہے گی۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اور فاٹا سمیت ملک بھر میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے، مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے تین کروڑ اسی لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔پاکستان پولیو پروگرام کے قومی رابطہ کار رانا محمد صفدرکے مطابق پنجاب میں ایک کروڑ 91لاکھ 50ہزار، سندھ میں 87لاکھ، خیبرپختونخوا میں 57لاکھ ، بلوچستان میں 24لاکھ 60ہزار ، فاٹا میں 10لاکھ30ہزار، آزاد جموں و کشمیر میں 7لاکھ 40ہزار ، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 37ہزار اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 3لاکھ 13ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔مہم کے لیے سیکورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔