شیخ رشید آئندہ کونسلر بھی نہیں بن سکیں گے۔ عابد شیر علی
وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہاہے کہ شیخ رشید اور جہانگیر ترین سے بڑا کوئی فراڈیہ نہیں ہے، شیخ رشید آئندہ کبھی کونسلر بھی نہیں بن سکتا، تمام چور اور ڈاکو ایک بار پھر نواز شریف کے خلاف اکٹھے ہو گئے،عمران خان کو پہلے کئی بار رن آوٹ کیا اب پھر کریں گے چیئرمین نیب عمران خان کی کرپشن کو بھی بے نقاب کریں،کرپشن کی بات کرنے والے آصف زرداری کو اپنی اور اپنے لے پالک بیٹے شرجیل میمن کی کوئی کرپشن نظر نہیں آتی۔پیرکوفیصل آباد پیپلز کالونی میں واقع گورنمنٹ سکول کے توسیعی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں انہیں بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر لگائے گئے تمام الزامات آئندہ الیکشن میں عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے نالہ لئی میں بہا دیں گے۔سابق صدر آصف علی زرداری کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس زرادری ہاوس پر چھاپہ مارتے ہوئے راوانوار کو گرفتار کرے تاکہ یہ بات منظر عام پر آسکے کہ را وانوار کس کے کہنے پربے گناہ شہریوں کا قتل کرتا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ انصاف کے حصول کیلئے کی جانے والی کاروائیاں میرٹ پر کی جائیں، احتساب کیلئے سب کو صرف شریف خاندان ہی نظر آرہا ہے، اربوں روپے لوٹنے والے شرجیل میمن، زرداری کی دوست ایان علی اور جہانگیر ترین جیسے بڑے بڑے مگر مچھ قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔عابد شیر علی نے کہا کہ 1998میں آنے والی یو ایس ایڈ سے جہانگیر ترین نے کسانوں کی زمینیں ٹھیکے پر لیکر اربوں روپے کی کرپشن کی لیکن ان تمام معاملات پر نیب کیوں خاموش ہے۔ ان کا کہنا تھا میاں نواز شریف نے کبھی بھی عدلیہ یا فوج کے خلاف بات نہیں کی، مارشل لا لگانے والوں کے خلاف تنقید کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا ایم کیو ایم کا ڈرامہ پچھلے 25 سالوں سے چل رہا ہے، پہلے نمائندگی لندن سے ہوتی تھی اور اب ڈرامہ کراچی بیٹھ کر کیا جا رہا ہے۔