لودھراں کے حلقہ این اے ایک سو چوون میں غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، ابتک کے نتائج کے مطابق نون لیگ کے امیدوار سید اقبال شاہ کو برتری حاصل
لودھراں کے حلقہ این اے ایک سو چون میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے جبکہ غیرسرکاری اور غیرحتمی نتائج آنے کا سلسلہ بھی جاری ہے، وقت نیوز کی جانب سے سب سے پہلا رزلٹ پولنگ سٹیشن نمبر دو سو سات کا حاصل کیا گیا جس میں تحریک انصاف کو ایک سو بیس اور نون لیگ کو چورانوے ووٹ پڑے، جبکہ پولنگ سٹیشن نمبر بیس میں نون لیگ کو دوسوپچانوے اور تحریک انصاف کے امیدوار علی ترین کو ایک سو اکیاسی ووٹ ڈالے گئے۔ بعض پولنگ سٹیشنز کے رزلٹ میں نون لیگ جبکہ کچھ پر تحریک انصاف کے امیدوار کو برتری حاصل ہے، دونوں جماعتوں کے کارکن اپنے اپنے امیدوار کی کامیابی کیلئے پرامید دکھائی دیتے ہیں,حلقے میں پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہی، حلقے میں کل 338 پولنگ سٹیشن اور1043 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے، جن میں سے چھ انتہائی حساس اور41 حساس قرار دیئے گئے۔ ضمنی الیکشن کیلئے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ ووٹنگ کے دوران پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوج تعینات رہی۔ حساس قرار دیئے گئے پولنگ اسٹیشن کے اطراف سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات تھی۔ این اے ایک سو چوون میں جہانگیر ترین کی نااہلی کے باعث نشست خالی ہوئی تھی، سپریم کورٹ نے حنیف عباسی کی درخواست پر جہانگیر ترین کو آرٹیکل باسٹھ ون ایف کے تحت نااہل کیا تھا