پاکستان افغانستان میں امن کیلئے ذمہ داری بہترین طریقہ سے پوری کر رہا ہے: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کیلئے طاقت کے استعمال کی بجائے ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل کی حمایت کی ہے۔انہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں خارجہ امور کے بارے میں مشاورتی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون کے ساتھ افغانستان میں امن لانے کی مشترکہ ذمہ داری عمدہ طریقے سے نبھا رہا ہے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ افغانستان میں امن کے حوالے سے اب ساری دنیا ہمارے موقف کی حامی ہے۔مشاورتی کونسل نے سیاحت، تجارت، سرمایہ کاری ، قانونی امداد اور تعلیم کے شعبوں کے فروغ سے پاکستانی تارکین وطن کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔