ایم کیو ایم پاکستان کے آفس پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق
رات گئے نامعلوم افراد نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے یوسی آفس پر فائرنگ کی ، جس کے نتیجے میں ایک کارکن جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق رات گئے نامعلوم افراد نے نیو کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے یوسی آفس پر فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں آفس میں بیٹھے دو کارکنان زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لئے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا، جہاں دوران علاج کاشف نامی کارکن جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی میئر کراچی وسیم اختر اور ڈپٹی کنوینئر خالد مقبول صدیقی عباسی شہید اسپتال پہنچے، جہاں انہوں نے زخمی کارکن کی عیادت کی اور واقعے سے متعلق تفصیلات حاصل کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اسامہ قادری اور خواجہ اظہار الحسن کے دفتر پر فائرنگ کی گئی، واقعے میں ایک کارکن شہید اور ایک زخمی ہوا ہے، اگر قاتل گرفتار نہیں ہوتے تو پھر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ایم کیو ایم کے کارکنان کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہے، حکومت کو سنجیدگی سے اقدامات کرنا ہوں گے، 48 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کیا جائے