اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ راحیل شریف کی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات
اسلام آباد: اسلامی فوجی اتحاد کے سربرا جنرل (ر)راحیل شریف وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر اینڈ چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے بھی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔ پارلیمنٹ میں ہونے والی ملاقات میں اہم بین الاقوامی امور پر گفتگو کی گئی ہے اور اس موقع پر اراکین سینیٹ اور اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کے اراکین بھی موجود تھے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ اسلامی فوجی اتحاد دہشت گردی کے خلاف ایک مربوط پلیٹ فام ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی میں بہت نقصان اُٹھایا ہے لیکن پاکستانی افواج ، عوام اور دیگر اداروں نے مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی اور کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی نہیں چاہتا کہ کوئی بھی ملک اس طرح کی صورتحال سے دوچار ہو یہ اتحاد کسی خاص ریاست یا قوم کے خلاف نہیں ہے بلکہ دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو مزید منظم بنانے کیلئے ہے۔ صادق سنجرانی نے راحیل شریف سے ملاقات میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد سے مسلم ممالک کے علاوہ دیگر ممالک بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں اس اتحاد کے قیام سے دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ اسلامی فوجی اتحاد کے قیام سے دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں کو تقویت ملی ہے ۔ جنرل راحیل شریف نے چیئرمین سینیٹ سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف فعال کردار ادا کرتا رہا ہےاسلامی فوجی اتحاد نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر میں دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے جاری کوششوں کو مربوط بنائے گا۔