عسکری قیادت کا آزادی کے حصول تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

عسکری قیادت نے ایک دفعہ پھر اس بات کا عزم کیا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان کشمیریوں کی آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کے زیر صدارت جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا اجلاس ہوا ،اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی ،اجلاس میں خطے کی جیو سٹریٹجک صورتحال کا جائزہ اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر بھی غور کیا گیا۔جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے شرکا نے خطے میں تیزی سے ہونیوالی تبدیلیوں اور ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا جبکہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی قومی خدمات کو سراہا گیا۔اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کورونا وبا کیخلاف قومی کوششوں کو یکجا کرنے کیلئے بنایا گیا تھا۔ جلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور غاضب بھارت کے ریاستی جبرکے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیااور عسکری قیادت نے آزادی کے حصول تک کشمیریوں کی حمائت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔