پی سی بی نےدورہ جنوبی افریقہ کی تاریخوں کااعلان کردیا
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ جنوبی افریقا کے لئے تاریخوں کا اعلان کردیا ہے، دورے میں تین ایک روزہ اور 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم اگلے ماہ کی 26 تاریخ کو جوہانسبرگ روانہ ہو گی، جہاں 2 ،4 اور 7 اپریل کو 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔ پاکستان پروٹیز کے خلاف پہلا ایک روزہ میچ دو اپریل کو پریٹوریا میں کھیلے گا، چار اپریل کو پاکستان اور جنوبی افریقا دوسرے ایک روزہ میچ میں جوہانسبرگ میں آمنے سامنے ہونگے جبکہ تیسرا میچ پریٹوریا میں ہی سات اپریل کو کھیلا جائے گا۔ بعد ازاں دونوں ٹیموں کے درمیان چار میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی، ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز دس اپریل سے ہوگا، دوٹی ٹوئنٹی میچز جوہانسبرگ جبکہ دو پریٹوریا میں کھیلے جائیں گے۔