میانمار ،فوجی حکومت کا 55 غیر ملکیوں سمیت 23 ہزار قیدیوں کے لئے عام معافی کا اعلان

میانمار فوج کی حکومت نے 23 ہزار سے زائد قیدیوں کو عام معافی کا اعلان کر دیا نیز 55 غیر ملکی قیدیوں کو بھی رہا کیا جائے گا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق میانمار میں جمعہ کو عام تعطیل تھی اور ملک میں مخصوص تاریخوں پر پرہجوم جیلوں کے قیدیوں کو عام معافی دی جاتی ہے۔ ریاستی انتظامی کونسل نے جمعہ کو جاری ایک اعلان میں کہا کہ فوج کی حکومت نے کیمپوں اور جیلوں کے 23,314 قیدیوں کی سزا ئیں معاف کرنے کا حکم دیا ہے۔ ایک اور نوٹس میں بتایا گیا کہ 55 غیر ملکی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔ ان دونوں حکم ناموں پر فوجی سربراہ من آنگ ہلاینگ نے دستخط کیے۔ اعلان میں رہا ہونے والے قیدیوں سے متعلق کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔