جمہوریت کے ساتھ ہیں اورکسی ملٹری ٹیک اوور کی حمایت نہیں کریں گے۔ عمران خان

لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےعمران خان کا کہنا تھا کہ عوام میں سیاسی شعور آچکا ہے،اب لوگ جمہوریت چاہتے ہیں، ڈکٹیٹرشپ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جمہوریت اور آئین کے ساتھ ہے اور کسی ملٹری ٹیک اوور کی حمایت نہیں کرے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی آڑ میں ڈاکے مارے جارہے ہیں۔حکومت سیاسی شہید بننا چاہتی ہے لیکن دولت کے لئے شہید ہونے والوں کے جانے پر عوام مٹھائیاں بانٹیں گے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ نون لیگ کی وجہ سے حکومت قائم ہے، نوازشریف نے حکومت کے ساتھ سمجھوتا کیا ہوا ہے لہذا ان کے علاوہ تمام جماعتوں سے بات چیت کے لئے تیار ہیں۔ تحریک انصاف کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ عدلیہ نے پہلی بار بڑے ڈاکوؤں پر ہاتھ ڈالا ہے، عدالتوں پر واردات کی کوشش کی گئی تو تحریک انصاف سڑکوں پر ہوگی۔ پوری دنیا میں این آر او جیسا کالا قانون نہیں بنایاگیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس اے پی سی بلانے کا وقت ختم ہوگیا، اب صرف عدلیہ کے احکامات پر عملدرآمد کرنا ہوگا،اگرصدر زرداری سچے ہیں تو سوئس حکومت کو خط کیوں نہیں لکھا جارہا۔