حروں کے روحانی پیشوا پیرمردان شاہ المعروف پیرصاحب پگاراکی نمازجنازہ ان کے آبائی گاؤں پیرجوگوٹھ میں ادا کردی گئی ہے۔
پیرپگارا کی نماز جنازہ پیرجو گوٹھ میں ادا کی گئی جس میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزرا، تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی، مسلم لیگ نون کے سید غوث علی شاہ اور ایم کیو ایم کے دس رکنی وفد کے علاوہ مرحوم کے ہزاروں عقیدت مندوں اورعام شہریوں نے شرکت کی ۔ مرحوم کی نماز جنازہ پیر سید سراج الحق گیلانی نی پڑھائی، نماز جنازہ کے بعد مرحوم پیر پگارا کی میت کا آخری دیدارکرایا گیا، اس موقع پر عقیدت مندوں کی آنکھیں اشکبارتھیں، پیر پگارا کا انتقال منگل اوربدھ کی درمیانی شب لندن کے ولنگٹن ہسپتال میں حرکت قلب بند ہونے کے باعث ہوا تھا، ان کی میت آج صبح لندن سے پی آئی اے کی پرواز پی کے سیون ڈبل ایٹ کے ذریعے پاکستان پہنچائی گئی تھی جسے بعد ازاں سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے سکھر اور وہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پیر جوگوٹھ پہنچایا گیا۔