طاہرالقادری کے لانگ مارچ کے موقع پراسلام آباد میں فوج کو ہائی الرٹ,سکیورٹی کے فول پروف انتظامات
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تحریک منہاج القرآن کے چودہ جنوری کے لانگ مارچ کے پیش نظر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ فوج کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور وہ انتظامیہ کی درخواست پر ضرورت کے مطابق فوری کارروائی کرے گی۔ دوسری جانب کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دوسرے صوبوں سے سکیورٹی فورسز کی بارہ ہزار اضافی نفری بھی منگوالی گئی ہے جولانگ مارچ کے شرکاء کی سکیورٹی پر مامور ہوگی۔ دوسری جانب لانگ مارچ کو شاہراہ دستورپر پہنچنے سے روکنے کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ریڈ زون اور گردونواح کی دیگر شاہراہوں پر کنٹینرز لگانے کا سلسلہ گزشتہ کئی روز سے جاری ہے۔جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب بھی درجنوں کنٹینرز لگائے گئے، جس سے اے کے فضل الحق روڈ ٹریفک کی آمد ورفت کے لئے بند ہوگیا جبکہ ڈی چوک اور لقمان حکیم روڈ پہلے ہی بند کئے جاچکے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ریڈ زون آنے والی مزید شاہراہوں پر بھی کنٹینرز نصب کئے جائیں گے۔ راستے بلاک ہونے کی وجہ سے شہریوں کو آمدو رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں بھی پیر کو چھٹی ہوگی۔