صوبے بھرکی سرکاری ونجی ایمبولینسوں کو ریسکیو1122کے کنٹرول روم سے منسلک کرنے کافیصلہ
ملتان۔12 جنوری (اے پی پی )صوبے بھرکے سرکاری و نجی ہسپتالوں کی ایمبولینسیں ریسکیو1122کے کنٹرول روم کے ساتھ منسلک کرنے کافیصلہ کیاگیاہے۔ریسکیو 1122پنجاب کے ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹر رضوان نصیر نے بتایا کہ پنجاب بھرمیں وزیراعلی پنجاب کی ہدایات پر ترکش ماڈل ہیلتھ ریفارمز کو اپناتے ہوئے پنجاب بھر کے سرکاری ونجی ہسپتالوں میںموجود ایمبولینسوں کو ریسکیو1122کے کنٹرول روم سے منسلک کرنے کافیصلہ کیاگیا ہے ۔انہوںنے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے ریسکیو1122کی سروس پر اعتماد کرتے ہوئے پنجاب بھر کے سرکاری ونجی ہسپتالوں اور این جی اوز کی ایمبولینسوں کومریضوں کی بہترطبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے انہیں رجسٹرڈ کرنے کافیصلہ کیا ہے ۔انہوںنے مزید بتایا کہ تمام رجسٹرڈ ایمبولینسوں کو رجسٹرڈ کرنے کے بعد ریسکیو1122کے کنٹرول روم سے منسلک کردیا جائے گا ۔واضح رہے کہ تمام سرکاری ونجی ایمبولینسیں کام اپنے ادارے کے زیرنگرانی ہی کریں گی ۔ایمبولینسوں کو رجسٹرڈ کرنے کامقصد مریضو ں کوبروقت اوربہترطبی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ وسائل کو زیادہ استعمال میں لانا ہے۔