امریکا میں غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی، 21 افراد گرفتار
امریکا میں امیگرین اہلکاروں نے ملک بھر میں درجنوں سیون الیون سٹورز پر چھاپے مار کر وہاں غیر قانونی طور پر کام کرنے والے 21 افراد کو گرفتار کرلیا۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق سیون الیون امریکا کی ان کمپنیوں میں سے ایک ہے جو امریکا میں قانونی طور پر کام کا اجازت نامہ نہ رکھنے والوں کو جزوقتی ملازمت کی پیشکش کرتا ہے۔ یہ چھاپے صدر ٹرمپ کے عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد شروع کئے گئے ہیں۔ لاس اینجلس سے نیو یارک تک امریکا بھر میں سیون الیون کے 98 سٹورز پرگزشتہ روز چھاپے مارے گئے۔ امیگریشن اینڈ کسٹمز کے ایک اعلیٰ اہلکار ٹھامس ہومین کا کہنا ہے کہ یہ چھاپے امریکا میں کاروبار کرنے والی ان تمام کمپنیوں کیلئے ایک وارننگ کی حیثیت رکھتے ہیں جو غیر قانونی تارکین وطن کو کام کی پیشکش کرتے ہیں۔ ٹھامس ہومین نے کہا کہ ہم اس بارے میں قانون کو نافذ کریں گے اور اگر کسی کو اس قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو نتائج کا ذمہ دار وہ خود ہوگا۔