اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدرماریہ اسپینوزا اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گی
نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا اسپینوزا اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گی۔ ماریہ اسپینوزا کی ترجمان مونیکا گریلے نے نیوز بریفنگ کے دوران بتایا کہ جنرل اسمبلی کی صدر حکومت پاکستان کی درخواست پر 18 سے 22 جنوری کے دوران پاکستان کا دورہ کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ستمبر میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے یہ ایشیاء کا ان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ ترجمان مونیکا گریلے کے مطابق ماریہ اسپینوزا پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور کثیرا لجہت مقاصد کے فروغ کے حوالے سے پرامید ہیں۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بھی بتایا کہ جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ اسپینوزا وزیراعظم عمران خان، صدر عارف علوی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کریں گی۔ ملیحہ لودھی کے مطابق جنرل اسمبلی کی صدر کو عالمی، علاقائی معاملات اور کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا جبکہ وہ خواتین اراکینِ اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گی۔ واضح رہے کہ 8 سال بعد جنرل اسمبلی کا کوئی صدر پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔