اسلام آباد ہائی کورٹ کا آصف علی زرداری کے لیے میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم

اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کے لیے میڈیکل بورڈ کی تشکیل کا فیصلہ دیتے ہوئے ڈاکٹر ندیم ڈائریکٹر این آئی بی ٹی سی کو میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں جعلی بینک اکاونٹس کیسز میں آصف زرداری کی آٹھ ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن میں آصف علی زرداری کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی، سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ پر مشتمل جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔ سابق صدر کی جانب سے وکیل فاروق ایچ نائیک جبکہ نیب سے سردار مظفر عباسی عدالت میں پیش ہوئے، آصف علی زرداری کی جانب سے آج حاضری سے استثنی مانگ لیا، فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ گزشتہ روز سینے میں درد کی وجہ سے ضیاء الدین اسپتال گیا جہاں داخل کر لیا گیا۔