ہم نے اپنی اکثریت ثابت کی، عدالت اب ہماری رہنمائی کرے گی۔شاہ محمود قریشی
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بولیاں لگانے کی کوشش کی گئی،آج ایک مرتبہ پھر پرویزالہٰی کو اعتماد کا ووٹ ملا، اپوزیشن کے دعوے دھرے رہ گئے، سندھ کا ماحول پنجاب میں پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، تیرہ جماعتوں کے اتحاد کو عوام نے مسترد کردیا۔ پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریسی نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر پنجاب اسمبلی میں چوہدری صاحب کو اعتماد کا ووٹ ملا، بولیاں لگا کر اراکین کو خریدنے کی کوشش کی گئی، سندھ سے ٹولے آکر اراکین کو توڑنے کی سیاست ہوئی۔ پی ٹی آئی رہنمانے کہا کہ عمران خان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، عمران خان کہتا رہا کہ پرواہ نہ کریں، ہمارے وکلاء نے عدالتی جنگ لڑی، 186 ووٹ درکار تھے جو حاصل کئے، اپوزیشن کہتی رہی کہ اعتماد کا ووٹ لیں، وقت آنے پر ہم نے اپنی اکثریت ثابت کی، عدالت اب ہماری رہنمائی کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ناکام حکومت سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لئے منصوبہ بندی کرنی ہوگی، عوام فیصلہ کرے گی اب کس کو ووٹ دینا ہے، معیشت کریش کرگئی ہے مہنگائی نے 50سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے، ان محرومیوں سے نکلنے کاواحد حل الیکشن ہے،ارکان نے ثابت کردیا کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں، پرویز الہٰی عمران خان کے اعتماد پر پورا اتریں گے، صوبے میں گورنر راج کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وفاق میں بھی ہم نے امپورٹڈ حکومت کو قبول نہیں کیا، منصوبےکے تحت سلیکٹڈ سیٹ پر ممبران اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے، بلدیاتی انتخابات سے روز پہلے ملتوی کردیے گئے، پنجاب اسمبلی میں شفاف انتخاب ہوا، اس کی فوٹیج موجود ہے، اپوزیشن کو شکست تسلیم کرنی چاہیئے، اسمبلی میں اپوزیشن نے ہلڑبازی کی اور کرسیاں چلائی جو بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے گورنر پنجاب کے دفتر کو ناجائز استعمال کیا، گورنر پنجاب سے آرڈر کروایا جسے عدالت نے تسلیم نہ کیا۔