صوبائی ورکنگ پارٹی کا اجلاس سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ کی زیر صدارت منعقد
پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2022-23کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے39ویں اجلاس میں ہیلتھ اور ایجوکیشن سیکٹرز کی 6ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 6ارب 79لاکھ 29 ہزار روپے کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ سہیل انور چوہدری نے کی۔ صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں پنجاب میں ٹرٹیری کئیر ہسپتال کے لئے وینٹی لیٹرز کی خریداری کیلئے 86کروڑ 40 لاکھ روپے، نشتر ہسپتال ملتان میں سائبر نائف ٹیکنالوجی / آلات کی فراہمی کیلئے 1 ارب 57 کروڑ 27 لاکھ 50 ہزار روپے، گجرات کے عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں کینسر کے علاج کے لئے الائیڈ سہولیات کے ساتھ لینئیر ایکسلیٹر کی فراہمی کیلئے 1 ارب 30 کروڑ روپے، فیصل آباد کے عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں کینسر کے علاج کے لئے الائیڈ سہولیات کے ساتھ لینئیر ایکسلیٹر کی فراہمی کیلئے 1 ارب 30 کروڑ روپے، لاہور کے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سی ٹی انجیو گرافی مشین کی فراہمی کیلئے 45 کروڑ روپے اور لاہور کے علاقہ سکندریہ کالونی، سوڈیوال میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین کے قیام کیلئے 52 کروڑ 11 لاکھ 79 ہزار روپے شامل ہیں۔ اجلاس میں صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔