پی ایس پی کا انضمام، خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں منظم ایم کیو ایم شروع کرنے کا اعلان
پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ آج مصطفیٰ کمال اور اس کے ساتھی آج ایک اور ہجرت کرنے آئے ہیں، اور وہ ہجرت ہم پاک سرزمین پارٹی سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی طرف کررہے ہیں۔مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نہ یہ ہماری ذات کا مسئلہ ہے، نہ یہ ہماری آرگنائزیشن کا مسئلہ ہے، یہ پاکستان کا مسئلہ ہے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آصف علی زرداری سے مؤدبانہ بات کرتا ہوں، ان کا ارادہ ہے کہ بلاول بھٹو کو وزیراعظم پاکستان بنائیں لیکن وہ اپنے وزیروں کو سمجھائیں کہ وہ اپنی چند سیٹوں کی خاطر کراچی پر قبضہ کرکے اگر انہوں نے پورے کراچی کو پیپلز پارٹی کا مخالف بنا لیا تو کیا بلاول بھٹو افورڈ کرسکیں گے کہ کراچی کو اپنے خلاف کھڑا کرلیں اور وزیر اعظم بن جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانا ہے تو سندھ کے شہری علاقے کے لوگوں کی داد رسی کرنی پڑے گی، ان کے دکھوں پر مرہم رکھنا پڑے گا، اپنے دلوں کو بڑا کرنا پڑے گا، میں کوئی مخالف نہیں کررہا۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میں پاکستان چلانے والوں سے گزارش کرتا ہوں کہ خدا کے واسطے، اس کراچی کے دکھوں کا اب مداوا کیا جائے، میں ساتھ بیٹھ کر کہتا ہوں کہ ہاں، ہم میں اختلاف تھا، ہم نے کھل کا اختلاف کیا ہے، میں نے منافقت نہیں کی، میں آج حالات کو دیکھ کر میں آج مفاہمت کی بات کر رہا ہوں تو اس میں بھی منافقت نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگوں سے کہتا ہوں کہ ان کو امن کے ساتھ اپنے اپنے کمفرٹ زون سے باہر نکلنا پڑے گا، آپ نے دیکھ لیا کہ پی ٹی آئی کچھ نہیں کرسکی، پیپلز پارٹی 15 سالوں سے کچھ نہیں کرسکی، اس شہر کو پہلے بھی بنایا تھا دوبارہ بھی بنائیں گے۔