طالبان کی خواتین پر پابندیاں، آسٹریلیا، افغانستان کے خلاف کرکٹ سیریز سے دستبردار
آسٹریلیا نے طالبان کی جانب سے خواتین کے حقوق کے خلاف کیے گئے اقدامات کو جواز بناتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں افغانستان کے خلاف آئندہ ماہ ہونے والی ایک روزہ میچوں کی سیریز سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔آسٹریلین مینز ٹیم کو آئندہ ماہ افغان کرکٹ ٹیم کے خلاف 3 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان یہ طے شدہ سیریز آئی سی سی سپر لیگ کا حصہ ہے جو آسٹریلین ٹیم کے دورہ بھارت کے بعد مارچ میں ہونی تھی۔تاہم کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ آسٹریلوی حکومت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ یہ سیریز اب نہیں ہوگی۔جاری بیان میں کہا گیا کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ فیصلہ طالبان کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم، ان پر روزگار کے مواقع کی بندش اور ان کے تفریحی مقامات اور جم جانے سے متعلق عائد مزید پابندیوں کے حالیہ اعلان کے بعد کیا گیا۔