سکردو ائیرپورٹ کے قریب پاک آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے ایک پائلٹ سمیت پانچ جوان شہید ہوگئے جبکہ تین افراد زخمی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکردو ائیر پورٹ کے قریب پاک آرمی ایوی ایشن کا ایم آئی سترہ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار پانچ جوان شہید ہوگئے جن میں ایک پائلٹ بھی شامل ہے۔ پاک آرمی نے بھی واقعہ کی تصدیق کر دی ہے۔ آئی ایس پی آر کی فراہم کردہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر معمول کی آزمائشی پرواز پر تھا کہ خراب موسم کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوگیا، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے ہیلی کاپٹر حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے بڑا المیہ قرار دیا ہے۔