اگر آصف زرداری امریکا کے صدر ہوتے تو آج امریکا کا دیوالیہ نکل چکا ہوتا۔ ملک میں جمہوری نظام بچانے کا دعوٰی کرنے والے مک مکا کرچکے ہیں۔ عمران خان
کراچی بار ایسوسی ایشن میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کو جمہوریت کے نام پر تباہ کیا جارہا ہے، جمہوریت کا نام لینے والوں کو جمہوریت کا مطلب تک نہیں پتا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں احتساب ہوتا ہے، ملک کے صدر نے اپنے اثاثے ظاہرنہیں کئے اور لگتا ہے کہ اثاثے ظاہرنہ کرنے والے بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام پرچل رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ حکمران اپنی کرپشن اورچوری چھپانے کے لئے آئین میں ترامیم کررہے ہیں، حکمرانوں کے احتساب تک ملک سے کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں، انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں چار فنانس سیکرٹریز، آٹھ ڈی جی ایف آئی اے اورچارگورنراسٹیٹ بینک تبدیل ہوچکے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے تمام عہدیداران کے اثاثے عوام کے سامنے ہیں، حکومت میں آئے تو نوے دنوں میں ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔ تحریک انصاف کے سربراہ نے سٹی کورٹ سے ایم اے جناح روڈ تک وکلاء کی ریلی کی قیادت کی اورعلامتی دھرنا دیا۔