وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا ، وزیر داخلہ چوہدری نثارنے ملک میں امن وامان اورسیکیورٹی کی صورتحال پربریفنگ دی.
وزارت داخلہ کے دورے کے موقع پروزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے ہمراہ وزیر اطلاعات پرویز رشید،وزیر خزانہ اسحاق ڈار ،وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز بھی موجود تھے،، اس موقع پروزیراعظم کو وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے سیکیورٹی اور امن وامان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اوروزارت داخلہ کی کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کیا، وزیر داخلہ نے بتایا کہ صوبائی حکومتیں سیکیورٹی انتظامات کی خود ذمہ دار ہیں تاہم وزارت داخلہ اس سلسلے میں تمام صوبائی حکومتوں سے تعاون کررہی ہے اور انٹیلیجنس شئیرنگ کے علاوہ اگرصوبائی حکومتوں کو کسی بھی وقت فیڈرل فورسز کی ضرورت ہوئی تو تعاون کرینگے،انہوں نے وزیراعظم کو سیاحوں کے قتل میں ہونے والی پیش رفت سمیت ملک میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پر بھی بریفنگ دی،دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف نے وزیرداخلہ کو ملک میں امن وامان کے قیام کے لیےہرممکن اقدامات کی ہدایت کی، انہوں نے توانائی کے منصوبوں پر سیکیورٹی کو یقینی بنانے،صوبوں سے مل کر دہشت گردی کے خاتمے، انٹیلیجنس اداروں کے درمیان موثر رابطوں اور گلگت میں سیاحوں کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی بھی ہدایت کی.