اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل بانکی مون نے کہا ہے کہ ملالہ دنیا بھر کی ہیرو اور چیمپئن ہیں ، گورڈن براؤن کہتے ہیں بہادر ملالہ یوسف زئی کو روکنا شدت پسندوں کے بس کی بات نہیں.
ملالہ یوسفزئی کی سالگرہ پراقوام متحدہ میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ملالہ اپنے والد کے ساتھ اقوام متحدہ پہنچیں۔ جہاں سیکرٹری جنرل بان کی مون ،سابق برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن سمیت اعلٰی عہدیداروں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ اقوام متحدہ میں ملالہ کی موجودگی اس ادارے کیلئے ایک اعزاز ہے جو سب کیلئےقابل تقلید مثال ہے۔ بانکی مون نے کہا کہ اقوام متحدہ تعلیم کی جدوجہد کیلئےملالہ کا معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہربچےکوتعلیم کی سہولت دینےکیلئےتمام ممالک متحد ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن نے کہا کہ پوری دنیاملالہ کی جدوجہد میں اس کےساتھ ہے، بچیوں کی تعلیم کیلئے ملالہ کا مشن آگےبڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملالہ کو سکول جانےاور پڑھنےکے جرم میں نشانہ بنایا گیا۔ گورڈن براؤن نے کہا کہ اس صدی کےاہداف میں تعلیم دوسری اہم ترجیح ہے۔ ملالہ جیسے نوجوانوں کی امنگوں کے لیے ابھی ہمیں بہت کچھ کرناہے۔