ون ڈے سیریز میں زمبابوے کے شکارکے لیے گرین شرٹس نے تیاریاں شروع
سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے ون ڈے سیریز کیلئےبولاوایو جانے سے گریز کرنے والے پاکستانی کرکٹرز نے ہرارے میں ہی پہلا پریکٹس سیشن کیا، کھلاڑیوں نے نیٹ میں بیٹنگ اور باؤلنگ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا سلسلہ جاری رکھا،اس دوران پاکستان سے ہرارے پہنچ کر ون ڈے اسکواڈ کو جوائن کرنے والے کرکٹرز خاص طور پر کوچز کی توجہ کا مرکز بنے، ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بابراعظم اورامام الحق کوکارکردگی بہتر بنانے کیلئےمشورے دیئے،فخرزمان نے جارحانہ اسٹروکس کھیلنے کی مشق جاری رکھی،کپتان سرفراز احمد نے وکٹ کیپنگ پریکٹس کے دوران اسٹمپ پر مہارت بہتر بنانے کے لیے بھی کام کیا اور طویل بیٹنگ سیشن کیا۔شعیب ملک نے آل راؤنڈ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے مشق جاری رکھی،جبکہ شاداب خان بھی نیٹ میں باؤلنگ کے بعد پراعتماد بیٹنگ کرتے نظر آئے، بیٹسمین تیزی سے سنگلز بنانے کی پریکٹس بھی کرتے رہے،یاد رہے کہ انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں انجری کے بعد مسلسل باہر رہنے والے بابراعظم کی ٹیم اور فارم میں واپسی دونوں اہمیت کی حامل ہوں گی۔