پاکستان پیپلز پارٹی کا تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کااعلان

پاکستان پیپلز پارٹی نے تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوام دشمن بجٹ اور عوام دشمن پالیسیوں کو کلی طور پر مسترد کرچکی ہے،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سلیکٹڈ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف میدان عمل میں ہیں۔ جمعہ کو ایک بیان میں نیر بخاری نے کہاکہ آئی ایم ایف نے آئی ایم ایف حکومت سے عوام پر 737 ارب 500کروڑ کے ٹییکسز منوائے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ 533 ارب ٹیکسز کا حکومتی اعلان غلط بیانی ہے،حکومت پارلیمنٹ کی بجائے آئی ایم ایف کے مینیجر چلا رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ درپیش شدید اقتصادی چیلنجزذ مہ دار نااہل نالائق حکمران ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومتیں تدبر تجربہ جزبہ خدمت سے چلتی ہیں سرکاری بابووں کے ذریعے نہیں۔انہوںنے کہاکہ 15روپے کی روٹی 20روپے کا نان یہ ہے نیا پاکستان۔ انہوںنے کہاکہ مارکیٹیں سنسان ہیں اور تاجر پریشان،مر گئی ہے عوام اور ڈوب گیا ہے کسان ۔ انہوںنے کہاکہ اجڑ رہا ہے پاکستان مگر بے حس اور بے رحم حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ انہوںنے کہاکہ بے حس حکمرانوں نے ایک سال میں ہو شربا مہنگائی کے ذریعے عوام کا کچومر نکال دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک بھر میں سینکڑوں چھوٹی بڑی فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں ،افراتفری اور انتشار پسند حکمران سوچے سمجھے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔