‘مسٹر ایکس نے مسٹر وائے کو دھاندلی کے لیے ملتان پہنچا دیا ہے’ شہباز شریف پیٹرول 150 روپے لیٹرکریں: عمران خان
سابق وزیر اعظم و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کی تیاریوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک 'مسٹر ایکس' ہے جنہوں نے 'مسٹر وائی' کو دھاندلی کے لیے ملتان بھیج دیا ہے لیکن قوم ان کو ہرائے گی۔
بھکر میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ یہاں سے رکن اسمبلی بننے والا ہر دفعہ لوٹا کیوں بنتا ہے، ایسے غیرت مند عوام کا رکن کبھی کسی جماعت میں اور کبھی کسی جماعت میں کیوں ہوتا ہے کیونکہ جب کسی کا نظریہ نہیں ہوتا ہے تو ایسا ہی ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ملک کے اندر لوٹوں کی تعداد بڑھتی ہے تو وہ ملک کو تباہ کردیتے ہیں، ان لوٹوں اور چوروں کو شکست دینی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اب خوف پھیلایا جارہا ہے، ڈرایا جارہا ہے اور دھمکی دی جارہی ہے کہ ہم تمہیں اٹھا لیں گے اور جیلوں میں ڈال دیں گے، صحافیوں کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، محب وطن صحافیوں کے خلاف ایف آئی آرز درج کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران ریاض خان کو اٹھا کر ان پر ذہنی تشدد کیا گیا، صرف اس لیے کہ ہم انہیں تسلیم کریں لیکن کان کھول کر سنو، میرے خلاف 15 مقدمات درج کیے اور میرے ساتھیوں کے خلاف بھی مقدمے بنائے لیکن جان بھی قربان ہو کبھی ان چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ آج عالمی منڈی میں تیل کی قیمت ہمارے دور سے بھی کم ہو گئی ہے، شہباز شریف واقعی خادم اعلیٰ ہیں تو پیٹرول 150 روپے لیٹر اور ڈیزل 144 روپے لیٹر کریں۔