حکومت نے موجودہ بجٹ میں بڑی ترقیاتی سکیموں کی تجویز دی ہے:حماد اظہر
ریونیو کے وزیر مملکت حماد اظہر نے کہا ہے کہ حکومت نے سابق فاٹا اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں کیلئے موجودہ بجٹ میں بڑی ترقیاتی سکیموں کی تجویز دی ہے۔انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق فاٹا کیلئے ایک سو باون ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت سابق فاٹا کے لئے دس سال کے دوران ایک ہزار ارب روپے مختص کرنے کے متفقہ فیصلے پر عملدرآمد کرے گی۔حماد اظہر نے کہا کہ کراچی شہر کے لئے 43 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جہاں کامیاب جوان پروگرام کے علاوہ نو بڑے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بالخصوص کم ترقی یافتہ علاقوں میں ترقیاتی سکیموں کیلئے فنڈ مختص کرنے کیلئے محاصل اکٹھے کیے جائیں گے۔