دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کے 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان
لاہور (نمائندہ سپورٹس)دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کے 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹر حیدر علی کو قومی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز اگست-ستمبر میں انگلینڈ میں کھیلی جائے گی۔دورہ انگلینڈ کے لیے طویل اور محدود، دونوں طرز کی کرکٹ میں کرونا وائرس کے پیش نظر وسیع اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا ہے۔حیدر علی کے علاوہ 29 رکنی اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں اسپنر کاشف بھٹی بھی اپنے ڈیبیو کے منتظر ہیں۔ وہ آسٹریلیا اور سری لنکا کے خلاف اعلان کے کردہ اسکواڈ کا حصہ تھے مگر فائنل الیون میں جگہ نہ بناسکے۔ انہیں بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔فاسٹ باؤلر سہیل خان کی قومی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ انہوں نے اپنا نواں اور آخری ٹیسٹ میچ 2016 میں میلبرن کرکٹ گراؤنڈ آسٹریلیا میں کھیلا تھا۔ حیدر علی، کاشف بھٹی اور سہیل خان کے ساتھ ساتھ حارث سہیل کے علاوہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ شعیب ملک، محمد حفیظ، وہاب ریاض، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، عمران خان اور فواد عالم کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ بلال آصف، محمد نواز، موسیٰ خان اور عمران بٹ کو ٹور کے لیے ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا ہے۔ ان چاروں ریزرو کھلاڑیوں کو انگلینڈ روانگی سے قبل کسی بھی کھلاڑی کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے کی صورت میں بیک اپ کے طور پر رکھا گیا ہے۔ دورہ انگلینڈ کے لیے کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ 20 اور 25 جون کو ہوں گے۔فاسٹ باؤلرز حسن علی، محمد عامر اور مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل دورہ انگلینڈ کی سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں تھے۔ حسن علی کمر کی انجری اور محمد عامر دوسرے بچے کی پیدائش کے باعث دستیاب نہیں تھے جبکہ حارث سہیل نے کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر دورہ انگلینڈ کے لیے اپنی دستیابی ظاہر نہیں کی تھی۔ اسکواڈ میں کپتان اظہر علی، نائب کپتان بابر اعظم عابد علی، فخر زمان،شان مسعود،امام الحق، اسد شفیق،فواد عالم،حیدر علی،افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حفیظ،شعیب ملک،محمد رضوان، سرفراز احمد،فہیم اشرف، حارث رؤف، عمران خان، محمد عباس،محمد حسنین (سندھ)، نسیم شاہ،شاہین شاہ آفریدی، سہیل خان، عثمان شنواری، اور وہاب ریاض،یاسر شاہ، عماد وسیم،کاشف بھٹی اور شاداب خان شامل ہیں۔ ٹیم انتظامیہ میں مصباح الحق، چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ شاہد اسلم - اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ،وقار یونس باؤلنگ کوچ،عبدالمجید، فیلڈنگ کوچ،یاسر ملک اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ،طلحہ بٹ اینالسٹ،کلف ڈیکن فزیوتھراپسٹ،ملنگ علی،مساجر منصور رانا ٹیم منیجر،کرنل ریٹائرڈ عثمان رفعت انوری ٹیم سیکورٹی منیجر،رضا راشد ٹیم میڈیا منیجر جبکہ اس دورے کے لیے
یونس خان بیٹنگ کوچ،مشتاق احمد اسپن باؤلنگ،ڈاکٹر سہیل سلیم ٹیم کے ساتھ جائیں گے۔