ضابطہ کار پر عملدرآمد نہ کرنیوالے تاجروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی:وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے خبردار کیا ہے کہ کوروناوائرس کی روک تھام کیلئے ضابطہ کار پر عملدرآمد نہ کرنے والے دکانداروں اور تاجروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔پاکستان ٹیلی ویژن پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا نے اس وائرس سے نمٹنے کا جو واحد حل دریافت کیا ہے وہ سمارٹ لاک ڈائون ہے جس کے دوران ضابطہ کار پر عملدرآمد کے ساتھ اقتصادی سرگرمیوں کی اجازت ہوتی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ آئندہ وہ خود ملک میں ضابطہ کار پر عملدرآمد کی نگرانی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹائیگرفورس کے دس لاکھ رضا کار عوام میں ضابطہ کار کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں انتظامیہ کی مدد کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں سمارٹ لاک ڈائون پر عملدرآمد کے لئے نشاندہی کی پالیسی اختیار کی جائے گی۔