وزیراعظم اور آرمی چیف نےمسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں نوافل اداکئےاور روضہ رسول صلیٰ اللہ علیہ وسلمؔ پرحاضری دی۔

Mar 12, 2016 | 14:49

وزیراعظم محمد نوازشریف خادم حرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی دعوت پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ہمراہ نو مارچ کو تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے۔ وزیراعظم اور آرمی چیف آج مسجد نبوی گئے جہاں انہوں نے روضہ رسول صلیٰ اللہ علیہ وسلمؔ پر حاضری دی اور نوافل ادا کیے وزیراعظم اورآرمی چیف نے روضہ رسول صلیٰ اللہ علیہ وسلمؔ پر ملکی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔ اس سے قبل وزیراعظم اور آرمی چیف نے دورے کے دوران سعودی عرب میں جاری دنیا کی سب سے بڑی اکیس ممالک کی نارتھ تھنڈر فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کی جن میں پاک فوج کے دستے بھی شامل تھے۔ بعد ازاں وزیراعظم اور آرمی چیف نے اکیس ممالک کی افواج کی مشترکہ پریڈ بھی دیکھی۔ وزیراعظم اور آرمی چیف نے دورے کے دوران خادم حرمین شریفین سلمان بن عبد العزیز اور سعودی وزیر دفاع سے خصوصی ملاقاتیں بھی کیں، جس میں دو طرفہ دفاعی تعاون، مشرق وسطیٰ اور خطے کی مجموعی صورت حال پر بات چیت اور دو طرفی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

مزیدخبریں