ایران : سیاحت اور صنعت کے وزراء کرونا سے متاثر ،پاسداران انقلاب کے 5 ارکان فوت
ایران میں حکومتی ذمے داران اور ارکان پارلیمنٹ میں کرونا وائرس کے انکشاف کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے تازہ ترین پیش رفت میں بدھ کے روز اعلان کیا گیا کہ وزیر صنعت رضا رحمانی اور وزیر سیاحت علی اصغر منسان بھی اس مہلک وائرس کے متاثرین کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی "فارس" نے تصدیق کی ہے کہ کابینہ کے دو ارکان کووید – 19 وائرس (کرونا) میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ایرانی پاسداران انقلاب کی مقرب مذکورہ نیوز ایجنسی نے صدر حسن روحانی کے نائب اسحاق جہانگیری کے بھی کرونا سے متاثر ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ جہانگیری کی صحت کے حوالے سے کئی روز سے قیاس آرائیاں جاری تھیں۔ حالیہ عرصے میں منعقد ہونے والے اعلی سطح کے اجلاسوں کی تصاویر میں جہانگیری کہیں نظر نہیں آئے۔مختلف رپورٹوں کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے 20 سے زیادہ ارکان کرونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔بدھ کے روز ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیر جنرل رمضان شریف نے اعلان کیا کہ کرونا وائرس کے سبب پاسداران کے 5 عناصر موت کا شکار ہو چکے ہیں۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس نے مذکورہ عہدے دار کے حوالے سے بتایا ہے کہ پاسداران کے ایک لاکھ سے زیادہ تربیت یافتہ اہل کار اس وقت کرونا وائرس کے انسداد کے میدان میں کام کر رہے ہیں۔