انتخابی مہم کیلئے ہمیں اجازت نہیں، مریم نواز کو سرکاری پروٹوکول مل رہا ہے: عمران خان

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج پاکستان تباہی کے دہانے پر ہے، ایک جمہوریت اور سچائی کا راستہ ہے، دوسرا غلامی کا راستہ ہے، پاکستان کیلئے یہ فیصلہ کن وقت ہے، ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم نے تباہی یا راہ حق پر چلنا ہے، ظل شاہ کو قتل کیا اور پھر کور اپ کرنے بیٹھ گئے، ہمارے کارکن کو قتل کر کے مقدمہ میرے اوپر درج کر دیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ظل شاہ کو اٹھایا، تشدد کر کے قتل کیا اور پھر سڑک پر پھینک دیا، 3 دن کے بعد کہتے ہیں کہ ایکسیڈنٹ ہو گیا، اگر حادثہ تھا تو اس کے جسم پر تشدد کے نشانات کیوں تھے؟ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ظل شاہ پر بدترین تشدد کیا گیا، وہ پولیس وین میں بیٹھا تھا، تصاویر موجود ہیں، اس کو اٹھا کر لے گئے، ڈھائی گھنٹے بعد لاش ملی۔