شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں میاں بیوی سمیت 3 افراد جاں بحق اور تین بچوں سمیت 12 افراد زخمی ہو گئے
لانڈھی منزل پمپ کے قریب کوچ اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک زخمی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عبدالرحمان کے نام سے کی گئی ہے جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے، ہسپتال ذرائع کے مطابق دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، زخمی ہونے والوں کی شناخت ابوبکر، طاہر، فرمان، عاصم، منو، محمود، ساجد، نویل اور مزمل کے ناموں سے کی گئی ہےپولیس کے مطابق کوچ کراچی سے شاہ اقیق کے مزار جارہی تھی کے منزل پمپ کے قریب تیز رفتاری کے باعث حادثہ پیش آگیا، جائے وقوعہ سے کوچ اور ٹرالر کے ڈرائیور موقع سے فرار ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔ دوسری جانب لیاقت آباد انڈر پاس میں نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ ایک مرد اور تین بچوں کو زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زخمی ہونے والا شخص بھی دم توڑ گیاپولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے میاں بیوی ہیں اور ان کے تین بچے زخمی ہیں جن حالت خطرے سے باہر ہے، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت معین اور نوشین کے ناموں سے کی گئی ہے۔