وفاقی حکومت کی مدت پوری ہونے کا وقت قریب آتے ہی حکومت و اپوزیشن میں درپردہ رابطوں میں تیزی آ گئی
ذرائع کا کہنا ہے کہ نظر آنے والے سیاسی اختلاف کے باوجود درپردہ رابطوں میں خوشگوار ماحول میں بات چیت آگے بڑھائی جارہی ہے۔ نگران وزیراعظم کے حوالے سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان مذکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔ نگران وزیر اعظم کیلئے ریٹائرڈ ججز اور بیورو کریٹس سمیت سات اچھی شہرت کے حامل شخصیات کے ناموں پر غور کیا گیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری کے انتہائی قریبی رفیق اور جمہوریت کے لیے خدمات کے حامل شخص کا نام بھی تجویز کیا گیا جسے پیپلز پارٹی کی جانب سے مستقبل میں سیاسی تنازعہ سے بچانے کے لئے قبول نہیں کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس ریٹائرڈ تصدق جیلانی، ڈاکٹر عشرت حسین، محمد اورنگزیب، اشتیاق احمد خان، رزاق داؤد، شمشاد اختر اور حفیظ پاشا کے ناموں پر بھی غور ہوا۔ قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ اور وزیراعظم کے درمیان نگران وزیراعظم کے معاملے پر پانچ ملاقاتیں ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق خورشیدشاہ کی جانب سے جلد اپوزیشن رہنماؤں سےمشاورت کے بعد متفقہ نگران وزیراعظم کا اعلان متوقع ہے۔