وزیر اعظم چاہتے ہیں وباء تھمنے کے بعد طبی عملے کو پوری قوم کی جانب اجتماعی میڈل دیا جائے۔ ہمایوں اختر خان

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ کورونا وائرس کی وباء تھمنے کے بعد فرنٹ لائن پر لڑنے والے طبی عملے کو پوری قوم کی جانب سے اجتماعی میڈل ملنا چاہیے ،عوام اور معیشت کو کورونا کے منفی اثرات سے بچانے کیلئے انسانی طو رپر جو ممکن ہے وزیر اعظم عمران خان نے وہ تمام اقدامات اٹھائے ہیں، انشا اللہ پاکستان معاشی طور پر دوبارہ ابھرے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنمائوں سے ٹیلیفونک رابطے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن ہر طرح کے حالات اور اس کے تدارک کیلئے اٹھائے جانے والے حکومتی اقدامات سے آگاہ ہے لیکن پھر بھی جان بوجھ کر انجان بنی ہوئی ہے جسے کسی طور پر عوامی سیاست نہیں کہا جا سکتا ہے ۔ دنیا نے جو سٹینڈرز اپنائے ہیں حکومت اپنے زمینی حقائق کے مطابق ان پر عمل پیرا ہے ، ہم نے اس کیلئے ترجیحات کاتعین کیا ہے جس میں انسانی جانیں بچانا ترجیح ہے اور اس کے ساتھ معیشت کو بھی بچانا ہے ، ہماری کوشش ہے کہ معیشت کے ڈھانچے کو کسی نہ کسی طرح منفی اثرات سے بچائیں تاکہ حالات بہتر ہونے پر اسے مزید سہارا دے کر روزگار کے مواقع پیدا کئے جا سکیں اور حکومت ان اقدامات کیلئے ایک بھی لمحہ ضائع نہیں کر رہی ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عالمی دنیا نے قرضوں کو موخر کرنے اور مالی امداد کیلئے وزیراعظم عمران خان کی اپیل کوسنا ہے ،ہم نے پالیسی ریٹ میںکمی کی ہے اور چھوٹے سے چھوٹے اور بڑے سے بڑے شعبے کو ہرگز نظر اندازنہیں کیا گیا ۔اپوزیشن خود کنفیوژڈ ہے جس کی وجہ سے اسے کچھ سمجھ نہیں آرہا اور اس نے بھلائی کا کام کرنے کی بجائے مایوسی پھیلانے کا بیڑہ اٹھا رکھا ہے