مرتضیٰ وہاب بتائیں کہ سندھ میں 10 ارب کی گندم کس نے غائب کی؟ شہباز گل

لاہور : ترجمان وفاقی حکومت ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت اپنے منہ میاں مٹھو بننے کی اعلیٰ مثال ہے۔ یہ بات انہوں نے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کی پریس کانفرنس کے رد عمل میں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، شہباز گل نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ذریعے62فیصد پیسہ صوبوں کو چلاجاتا ہے، وفاق کے پاس جو پیسہ بچ جاتاہے وہ دیگر معاملات میں خرچ ہوتا ہے، سب سے زیادہ گھوسٹ ملازمین سندھ میں ہیں، سندھ میں اپنوں کو نوازنے کیلئے گھوسٹ ملازمین رکھے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے دیا گیا طبی سامان سندھ حکومت نے ڈاکٹرز کو نہیں پہنچایا، باربار پریس کانفرنس کے ذریعے وفاق سے پیسہ مانگا جارہا ہے، وفاق نے سندھ کو اب تک کوئی کیش نہیں دیا اور نہ ہی دیں گے، وفاق کا مؤقف وزیراعظم کی ہدایت پر پیش کرتا ہوں، پیپلزپارٹی کے ایسے بہت سے لوگ ہیں جو پارٹی کیلئے بات کرتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں شہباز گل نے کہا کہ ایک کروڑ 20لاکھ خاندانوں کو 12 ہزار فی خاندان وفاق نے دیے، سندھ میں 25سے30لاکھ گھرانوں کو براہ راست امداد دی گئی پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت اپنے منہ میاں مٹھو بننے کی اعلیٰ مثال ہے، دستیاب اعداد و شمارپیپلز پارٹی ناقص پالیسیوں کی عکاس ہیں۔