وفاقی کابینہ کا سرکاری اداروں کے سربراہان کی تقرری کیلئے موجودہ قوانین میں ترمیم کا فیصلہ
وفاقی کابینہ نے منگل کے روز اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں ایک اجلاس میں ملک میں مختلف سرکاری اداروں کے سربراہان کی تقرری کے موجودہ قوانین میں ترامیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے اسلام آباد میں صحافیوں کو وفاقی کابینہ کی جانب سے کئے گئے فیصلوں کے بارے میں بریفنگ کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ادارہ جاتی اصلاحات کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین کی نگرانی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو ایک ہفتے کے اندر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ انسداد منشیات کے وزیر اعظم خان سواتی نے وزیراعظم کو انتخابی اصلاحات کے حوالے سے انتالیس تجاویز پیش کیں جنہیں وزیراعظم نے سراہا۔