جیل جانے اور جان کی قربانی دینے کو تیار ہوں لیکن امریکی غلامی قبول نہیں ہے: عمران خان
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ جو لوگ سازش روک سکتے تھے انہیں بتایا کہ بڑی مشکل سے معیشت سنبھالی ہے، حکومت گئی تو بڑا نقصان ہوگا، لیکن بدقسمتی سے ہم کچھ نہیں کرسکے۔اٹک میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے سابق وزیراعظم عمران خان نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ سازش روک سکتے تھے انہیں پہلے خود بتایا پھر وزیر خزانہ شوکت ترین سے کہا کہ جاکر سمجھاؤ۔
جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ جیل جانے کو تیار ہیں، جان کی قربانی دینے کو تیار ہیں لیکن امریکا کی غلامی تسلیم نہیں کریں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ تھری اسٹوجز نے بائیڈن انتظامیہ سے مل کر سازش کی، پاکستان میں بیٹھے امریکی ہینڈلرز نے حکومت گرا دی، الیکشن کے اعلان تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔اپنے خطاب میں کہا کہ 2 بھائی ہیں ایک فوج کو گالی دیتا ہے دوسرا بوٹ پالش کرتا ہے ، یہ قیامت کی نشانی ہے کہ آصف علی زرداری نیب کی اصلاح کر رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ امریکی فوج سے زیادہ پاکستان فوج کے جوانوں نے شہادت دی ہیں، ہمارے 80 ہزار لوگ امریکا کی جنگ میں قربان ہوئے۔انہوں نے کہا کہ مشرف کو امریکا سے حکم آیا جنگ میں شامل نہ ہوئے تو سنگین نتائج ہوں گے، بدقسمتی سے ہمارے اُس وقت کے سربراہ نے گھٹنے ٹیک دیے۔عمران خان نے کہا کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد میں نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ میرے ساتھ اس جنگ میں شرکت کریں، یہ وقت حقیقی آزادی کی جنگ کا ہے۔