عمران خان کو آج اسلام آباد ہائیکورٹ پیش کیا جائے گا۔

سپریم کورٹ کی ہدایت پر سابق وزیراعظم عمران خان کو آج اسلام آباد ہائیکورٹ پیش کیا جائے گا۔ عمران خان آج القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے، کیس کی سماعت چیف جسٹس عامر فاروق کریں گے۔ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے القادر ٹرسٹ کیس میں سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کی گرفتاری غیرقانونی قرار دی تھی تاہم بنی گالا جانے کی درخواست بھی مسترد کردی تھی۔ عمران خان کو رات پولیس لائن کے گیسٹ ہاؤس میں رکھا گیا۔ چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں عمران خان کو کہا تھا کہ آپ گیسٹ ہاؤس میں رات گزاریں، گپ شپ لگائیں اور سو جائیں، صبح عدالت میں پیش ہوجائیں۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا جو بھی فیصلہ ہوگا آپ کو ماننا ہوگا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی گرفتاری قانونی قرار دی تھی۔ علاوہ ازیں عمران خان کی پیشی کے موقع پر امن عامہ قابو میں رکھنے کے لیے غیر معمولی سیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، رینجرز، ایف سی اورپولیس کی بڑی تعداد تعینات ہے۔ عمران خان کی پیشی کے موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں غیرمتعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہے۔