گوگل سرچ انجن میں 25 سال کے دوران کی جانے والی سب سے بڑی تبدیلی
25 سال سے گوگل سرچ انجن میں سادہ سرچ بار پر رزلٹس کی لسٹ نظر آتی تھی مگر اب اسے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے بدلا جا رہا ہے۔ گوگل کی سالانہ آئی او کانفرنس کے موقع پر کمپنی کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس سرچ انجن کی جھلک پیش کی گئی جس کا بنیادی مقصد 'سرچ کو زیادہ اسمارٹ اور سرچنگ کو سادہ' بنانا ہے۔ سرچ انجن میں اب صارفین کو زیادہ قدرتی انداز سے سوالات پوچھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ ان سوالات پر سرچ رزلٹس کی روایتی فہرست کے ساتھ ساتھ سوالات کے جواب میں اے آئی پر مبنی سمری بھی فراہم کی جائے گی۔ اس تبدیلی کے بعد اگر صارف کسی موضوع کے بارے میں تفصیلی سوال پوچھے گا تو ایک طویل سمری سامنے آجائے گی۔ گوگل کی جانب سے اسے اے آئی پاور اسنیپ شاٹ کا نام دیا گیا ہے۔ اس سمری میں سورسز کے لنکس کے ساتھ ساتھ مختلف پریزنٹیشن فارمیٹ اسٹائل بھی موجود ہوں گے۔ اس سمری میں متعلقہ سوالات پر کلک کرنے کے لیے صارفین کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی جس کے بعد اے آئی چیٹ بوٹ ان کی مدد کے لیے متحرک ہو جائے گا۔