امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ پُرامن افغانستان، پاکستان اور امریکا کا مشترکہ مقصد ہے دونوں ممالک مل کر پاک افغان سرحدی پٹی پر درپیش چیلنجز سے نمٹ سکتے ہیں
اسلام آباد میں ایک نجی یونیورسٹی میں کانفرنس سے خطاب کے دوران امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان، افغانستان میں ماضی کی غلطی دہرانے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ رچرڈ اولسن نے کہا کہ پاک افغان طویل سرحدی پٹی پر دونوں ملکوں کو چیلنجز درپیش ہیں جن پر دونوں ممالک باہمی افہام و تفہیم سے قابو پا سکتے ہیں۔ امریکا دونوں ملکوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے پرامن انتقال اقتدار میں پاکستان نے بہت مدد کی۔ پاکستان کے ساتھ عسکری شعبے میں بھی تعاون جاری رہے گا۔ امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان کو ایک ہزار چار سو میگاواٹ کے توانائی منصوبے میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔ امریکا نے ایک ہزار کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر میں بھی مدد دی۔ امریکا خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنی ذمے داری نبھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرتاج عزیز اور آرمی چیف کے افغانستان کے دورے اور افغان صدر کی پاکستان آمد مثبت اقدامات ہیں۔ رچرڈ اولسن نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے بھی اچھے اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ پاکستان میں جمہوریت کا تسلسل ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔