ملک کے بعض شہروں میں داعش نامی تنظیم کی سرگرمیوں کا انکشاف ہونے پر وزارت داخلہ اور صوبائی حکومتوں نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو الرٹ کر دیا

ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وزارت داخلہ کو اطلاعات دی گئی تھیں کہ راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے بڑے شہروں میں داعش نامی تنظیم کی تشہیری مہم جاری ہے اور بعض عناصر اپنے طور پر اس تنظیم کا نام استعمال کر رہے ہیں۔ مختلف شہروں میں جگہ جگہ داعش نامی تنظیم کی وال چاکنگ، پوسٹر اور بینرز بھی آویزاں کئے جا رہے ہیں۔ خفیہ اطلاعات کے بعد وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسلام آباد اور چاروں صوبوں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو داعش نامی تنظیم کی اس مہم کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے انھوں نے کہا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری کارروائی عمل میں لائیں۔ بینرز اور پوسٹرز کو فوری طور پر اتارا جائے ذرائع کے مطابق حکومت کو ارسال کی گئی خفیہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ داعش کے کارکنان کی پاکستان میں موجودگی کے فی الحال شواہد نہیں ملے تاہم کچھ لوگ اپنے طور پر داعش نامی تنظیم کی ممبرشپ کر رہے ہیں