شہداء اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی،کراچی آپریشن آخری دہشت گرد اور ٹارگٹ کلر کی گرفتاری تک جاری رہے گا: ترجمان سندھ رینجرز

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق آج کل میڈیا پر جاری بحث میں کہا جارہا ہے کہ کراچی آپریشن شائد سست ہو گیا، وضاحت کی جاتی ہے کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن آخری دہشت گرد اور ٹارگٹ کلر کی گرفتاری تک جاری رہے گا، ترجمان کا کہنا ہے کہ رینجرز اور کراچی کے عوام ساتھ ساتھ ہیں، لوگ اپنے گردونواح پر نظر رکھیں، کسی بھی مشکوک سرگزمی کی اطلاع رینجرز کی ہیلپ لائن ڈبل ون زیرو ون پر ایس ایم ایس یا ٹیلی فون کر کے دیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کے شہداء اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی، کراچی میں سٹریٹ کرائم اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کے بعد میڈیا پر آپریشن سے متعلق بحث کی جارہی تھی تاہم ترجمان رینجرز نے اپنے بیان میں تمام معاملہ واضح کردیا ہے۔
کراچی میں رینجرز نے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران تیرہ ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار افراد میں کالعدم تنظیم کے کارندے، ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خور بھی شامل ہیں
شہرقائد میں رینجرز کا جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں رینجرز اہلکاروں نے ٹارگٹڈ کارروائیاں کیں، یہ کارروائیاں گلشن غازی، گودھرا، کورنگی، عثمان آباد، پی اینڈ ٹی کالونی اور لیاری میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاعات پر کی گئیں، ترجمان رینجرز کے مطابق ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران تیرہ ملزمان کو گرفتار کیاگیا،گرفتار افراد میں کالعدم تنظیم کے کارندوں سمیت ٹارگٹؕ کلرز اور بھتہ خور بھی شامل ہیں،ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے قبصے سے چھے ہزار لیٹر سمگل شدہ ایرانی ڈیزل اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔