نئے سال تک پاکستان کے تمام بڑے چوروں پر چھاڑو پھر جائے گی ،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید
وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے پیشن گوئی کہ ہے کہ نیا سال چڑھنے تک پاکستان کے تمام بڑے چوروں پر چھاڑو پھر جائے گی ،شیخ رشید نے کہا ہے کہ ریلوے میں 11ہزار بھرتیوں،10نئی ٹرینوں،مال گاڑیوں کی تعداد میں اضافے کا وعدہ پورا کیا ہے، 10ہزار ناکارہ مال گاڑیوں کے ڈبوں کونیلام،ریلوے کالونیز کی بجلی کا نظام واپڈا کے حوالے اور ریلوے آئل ڈپوٹ کا مکمل آڈٹ کا حکم دیا ہے،پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ریلوے کے اخراجات کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، آنے والے دنوں میں مہنگائی کم ہونے کی بجائے اور بڑھے گی جس کی ذمہ دار پچھلی حکومتیں ہیں، شہباز شریف کرپشن کرنے میں نواز شریف سے دس قدم آگے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ریلوے کی 100دنوں کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھ رہیں ہیں۔ ریلوے میں میرٹ پر 11ہزار بھرتیوں کا ٹارگٹ جلد پورا ہوگا۔ 6نئی ایکسپریس ٹرینوں کا آغاز پہلے ہی کیا جاچکا ہے جن میں میانوالی ایکسپریس، راولپنڈی ایکسپریس اور دیگر چار ٹرینیں شامل ہیں اسکے علاوہ چار مزید نئی ٹرینیں لانے کا وعدہ بھی پورا کیا جارہا ہے۔ ریلوے میں اصل آمدنی کا ذریعہ مال گاڑی ہے۔ مال گاڑیوں کی تعداد10سے 14کی جارہی ہے۔ دو مال گاڑیاں فوری طور پر ریلوے فریٹ کمپنی کو سونپی گئی ہیں۔ ریلوے ہیڈکواٹر میں میپل لیف اور مغل سٹیل کے ساتھ بھی کنٹینر چلانے کا معاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کالونیز میں پہلے سستی بجلی دی جارہی تھی اب کالونیز میں بجلی کا نظام واپڈا کے حوالے کیا جارہا ہے جس میں مجموعی طور پر 25ہزار میٹر لگائے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں یہ کام لاہور سے شروع کیا جارہا ہے جس مکمل ہونے کے بعد ریلوے کو سالانہ ایک ارب روپے کی بچت ہوگی۔ ریلوے میں تیل کے استعمال پر10فیصد کٹوتی کا حکم دیا گیا۔ جبکہ ریلوے کے تمام آئل ڈپو کے آڈٹ کا بھی حکم دیا گیا۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 10ہزار ناکارہ مال گاڑی کے ڈبوں کونیلام کررہے ہیں اس حوالے سے 31دسمبر تک اعلانیہ مکمل کی جائے گی۔ ریلوے کے 18سکول و کالجز اور 50کے قریب ہسپتالز اور ڈسپنسریز کو پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت تک ریلوے کے اخراجات میں کمی ہوسکے۔ سی پیک پاکستان ریلوے کی ترقی اور معیشت کیلئے نہایت اہم ہے۔ وزیر اعظم کے ساتھ چین کے حالیہ دورے کے حوالے سے بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ اس حوالے سے تفصیلات طے کرنے کیلئے چین کا اعلیٰ سطح کا وفد 19دسمبر کو ریلوے ہیڈ کواٹر کا دورہ کرے گا اور 31دسمبر تک تمام معاملات طے پاجائیں گے۔ ریلوے میں جو ریٹائر ملازمین عرصہ دراز سے کام کررہے تھے ان کو ایک سال میں فارغ کیا جائےگا۔ایک سوال کے جواب میںشیخ رشید نے کہا کہ آسیہ بی بی کے معاملے پر حکومت وضاحت کر چکی ہے اس کو قبول کرنا چاہیے۔ملک میں بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میںاضافے کی ذمہ دار وہ حکومتیں ہیں جنہوں نے بے دردی سے اس ملک کو لوٹا اور جن کے احتساب سے جمہوریت خطرے میں پڑتی ہے۔آنے والے دنوں میں مہنگائی کم ہونے کی بجائے اور بڑھے گی۔ منی لانڈرنگ کی تحقیقات ہونے پر5ہزار سے زائد جعلی اکاﺅنٹ ملے ہیں جن سے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی۔عمران خان کا دورہ چین نہایت کامیاب رہا ہے۔ چین کو یقین ہوگیا ہے کہ پاکستان میں دیانتدار وزیر اعظم آگیا ہے جو سب کا احتساب کر سکتا ہے۔دورہ چین کے بعد سامنے آیا ہے کہ شہباز شریف نواز شریف سے کرپشن میں دس قدم آگے ہے۔اس وقت صرف شہباز شریف ہے جو این آر او کرنے کی سر توڑ کوشش کر رہا ہے۔میں پیشن گوئی کرتا ہوں کہ نیا سال چڑھنے تک پاکستان کے تمام بڑے چوروں پر چھاڑو پھر جائے گی اور کوئی نظر نہیں آئے گا۔