قومی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے،وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اقتصادی استحکام کو مزید مضبوط بنانا اور سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وہ پیر کے روز اسلام آباد میں حکومت کی اقتصادی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔وزیراعظم نے اقتصادی صورت حال میں بہتری اور کاروباری برادری کے اعتماد کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ عام آدمی کو بھرپورسہولیات کی فراہمی پر مرکوز ہے۔معدنیات اور کان کنی کے شعبوں کے فروغ کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت تیل' گیس اور معدنیات کے شعبوں میں تمام صوبوں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے انہیں بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔عمران خان نے کہاکہ اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد جانچنے اور مستقبل کے تخمینوں کیلئے مربوط منصوبہ بندی کیلئے خوراک کے تحفظ کی وزارت میں ایک خصوصی سیل قائم کیا جارہا ہے۔اجلاس کو معاشی صورتحال خصوصاً ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ ' بڑے صنعتی یونٹوں کیلئے اعانت' ہسپتالوں کیلئے مشینری کی ٹیکس کے بغیر برآمد کے حوالے سے حکومتی فیصلے پر عملدرآمد' وفاق اور صوبوں کے درمیان تیل' گیس اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کیلئے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا گیا۔پٹر ولیم کے بارے میں معاون خصوصی ندیم بابر نے اجلاس کو12 نئے بلاکوں کے بارے میں بتایا جنہیں تلاش اور پیداوار کیلئے آئندہ ماہ نیلامی کیلئے پیش کیا جائے گا۔اجلاس کو افغانستان' پاکستان' ایران گیس پائپ لائن اور پارکو کوسٹل ریفائنری کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا اجلاس نے ملک میں چینی کے ذخیرے اور موجودگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے وزیراعظم کو مجموعی اقتصادی صورتحال اور اقتصادی اشاریوں میں بہتری کے بارے میں بتایا۔