حکومت اشیائے ضروریہ میں کمی لانے کیلئے مختلف پہلوئوں پرکام کررہی ہے:مشیرخزانہ
مشیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاہے کہ حکومت اشیائے ضروریہ میں کمی لانے کے لئے مختلف پہلوئوں پرکام کررہی ہے۔وہ اسلام آباد میں اقتصادی امور کے وزیرحماداظہر، چیئرمین ایف بی آر شبرزیدی اوراطلاعات کی معاون خصوصی ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کے ہمراہ ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ یوٹیلٹی سٹورزنیٹ ورک کے لئے چھ ارب روپے کی گرانٹ سے روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میںکمی لانے میں مدد ملے گی۔مشیرخزانہ نے کہاکہ بیرونی تجارتی خسارے میں مسلسل کمی آرہی ہے اورملک میں زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ ہورہاہے۔انہوں نے کہاکہ ایف بی آرکے محاصل میں بھی اضافے کارجحان دیکھا گیاہے۔ انہوں نے کہاکہ روپے کی شرح تبادلہ میں بھی استحکام ہے جس میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔مشیرخزانہ نے کہاکہ تاجروں سے خوش اسلوبی کے ساتھ معاہدہ طے پایا ہے جس میں انہیں مراعات دی گئی ہیں اورمعیشت کودستاویزی شکل دینے کی مہم کاحصہ بننے پرزوردیاگیاہے۔مالیاتی شعبے کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ دوارب دس کروڑ ڈالرزکے قرضوں کی ادائیگی کی گئی جس سے ملک کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آئی ہے۔مشیرخزانہ نے کہاکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی ٹیم اورعالمی بنک کے صدرنے بھی اپنے حالیہ دورہ پاکستان میں ایف بی آر ،سٹیٹ بنک، بجلی کی پیداوار اوردیگرشعبوں میں کی گئی اصلاحات کوسراہاہے