وزیراعلیٰ کے پی محمود خان امیر ترین وزیراعلیٰ نکلے

الیکشن کمیشن نے صوبائی اراکین اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں ، چاروںوزرائے اعلی ٰ میںوزیراعلی خیبرپختونخواہ محمود خان سب سے زیادہ اثاثے رکھنے والے وزیراعلیٰ ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چاروں صوبائی سمبلیوں کے مالی گوشواروں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ وزیراعلی خیبرپختونخواہ محمود خان تمام وزرائے اعلی میں سب سے زیادہ اثاثوں کے مالک نکلے ۔ وزیراعلی خیبرپختونخواہ محمود خان 2 ارب 86 کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں،الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعلی کے پی نے کوئی قرضہ بھی نہیں لیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال دوسرے امیر وزیراعلیٰ ہیں، الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے اثاثوں کی مالیت 72 کروڑ چوراسی لاکھ روپے ہے، جام کمال کے پاس بیرون ملک میں جائیدادوں کی مالیت 77 کروڑ ستاسی لاکھ سے زائد ہے ۔ جام کمال کا ایک کروڑ چورانوے لاکھ کا بزنس ہے جبکہ ان کی گاڑیوں کی مالیت 4 کروڑ اکیاسی لاکھ ہے ۔جام کمال نے 12 لاکھ کے زیورات ظاہر کیے ہیں ۔ امیروزرائے اعلیٰ میں تیسرے نمبر پر وزیراعلی ٰ پنجاب عثمان بزدار ہیں ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق عثمان بزدار کے اثاثے 8 کروڑ 45 لاکھ سے زائد ہے۔ عثمان بزدار کے پاس 2 لگژری گاڑیاں اور دو ٹریکٹر ہیں جبکہ عثمان بزدار کے پاس 20 تولے سونا بھی ہے۔وزیراعلی ٰ پنجاب کا اندرون ملک اور بیرون ملک ان کا کوئی کاروبار نہیں ہے۔ وزرائے اعلیٰ میں سب سے غریب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہیں، مراد علی شاہ کے پاس ڈیڑھ کروڑ مالیت کے اثاثے ہیں جبکہ ان کی والدہ کی طرف سے 100 تولے سونا تحفہ میں ملا ہے ۔ مراد علی شاہ کی بیٹی کے نام ڈی ایچ اے میں 3 کروڑ مالیت کے دو پلاٹ بھی ہیں۔