یوم عاشور:ملک کے بیشتر شہروں میں موبائل فون سروس اور ڈبل سواری پرعائد پابندی کا اطلاق آج رات12 بجے تک رہے گا۔
ملک کے بیشتر شہروں میں آج یوم عاشور کے موقع پر موبائل فون سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن موبائل سروس کی معطلی دس محرم الحرام کے برآمد ہونے والے ماتمی جلوسوں کے اردگرد کے علاقے تک محدود ہوگی۔ لاہور میں مرکزی ماتمی جلوس کے روٹ کے اردگرد کے علاقوں میں سکیورٹی وجوہات کی بنا پر موبائل فون سروس معطل رہے گی۔ جڑواں شہروں میں بھی یوم عاشور کے موقع پر ماتمی جلوسوں کے قریبی علاقوں میں موبائل سروس معطل ہوگی۔ اسی طرح کراچی ، حیدر آباد اور سکھر سمیت سندھ کے اکثر شہروں میں بھی مرکزی ماتمی جلوسوں کے روٹ کے گردونواح میں موبائل سروس کو معطل رکھا جائے گا۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر شہروں میں بھی موبائل سروس معطل رہے گی جبکہ خیبر پختونخوا کے شہروں میں بھی ماتمی جلوسوں کے اختتام تک موبائل سروس معطل رہے گی۔ دوسری جانب ملک کے بیشتر شہروں میں نو محرم الحرام سے ڈبل سواری پر عائد پابندی کا اطلاق آج رات بارہ بجے تک رہے گا۔