پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا اور تاریخی ڈے اینڈ نائٹ میچ کل سے دبئی شروع ہو گا۔
شاہین اور کالی آندھی پہلی مرتبہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیل کر تاریخ رقم کریں گے، دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا میچ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا ڈے اینڈ نائٹ میچ ہوگا، گزشتہ سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں نے پہلی بار ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں شرکت کرکے تاریخ رقم کی تھی۔ تاریخی ٹیسٹ کی تیاری کے حوالے سے پاکستانی کھلاڑی بھرپور پریکٹس کررہے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ سیریز میں وائٹ واش کرنے کے بعد مصباح الیون بھی کالی آندھی کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کرنے کے لیے پر عزم ہے۔ دوسری جانب پے در پے شکستوں کا مداوا کرنے کے لیے ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی سخت پریکٹس کر رہی ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق کل شام ساڑھے چار بجے شروع ہوگا۔